سفر امام رضا (ع)، مدینہ تا مرو
١۔ امام حسین (ع) نے کربلا جانے کا فیصلہ اپنی صوابدید پر کیا۔ ( آزادانہ)
٢۔ امام رضا (ع) کا مدینہ سے مرو کا سفر مامون رشید کی درخواست پر ہوا۔
٣۔ امام حسین (ع) نے اپنے سفر کی راہ اور قیام کے مقامات خود طے کئے تھے۔
٤۔ امام رضا (ع) کے سفر کی راہ مامون کی ہدایات کے تحت منظم کی گئی تھی۔
٥۔ امام حسین (ع) اپنے ساتھ اپنے اہلبیت اور معتمداصحاب کو لے گئے تھے۔
٦۔ امام رضا (ع) نے خاندان کی کسی فرد کو ساتھ نہیں رکھا تھا۔
٧۔ امام حسین (ع) کے سفر کا ہدف حق و باطل میں خط فاصل کھینچنا تھا۔
٨۔ امام رضا (ع) کے سفر کا مقصد کربلا کے معرکہ کے ثمرات کی حفاظت اور اسلام کی نشاۃ ثانیہ تھی۔
امام رضا (ع) کے مدینہ سے مرو کے سفر کی منصوبہ بندی میں سب سے زیادہ قابل توجہ ان شہروں کا محل وقوع اور ان کی تاریخ ، سیاسی اور جغرافیائی اہمیت تھی جہاں سے امام گزرنے والے تھے۔ جواد معینی اور محمد ترابی کے مطابق امام (ع) کے سفر کے رستہ کے تعینی میں اس امر کو پیش نظر رکھا گیا کہ کاروان ایسے شہروں سے دور رہے جہاں دوستداروں اہلبیت کا غلبہ ہو۔ اس زمانہ میں مدینہ سے مرد تک دو مروج راستے تھے۔ ایک براہ بصرہ، اھواز، دشت لوط، فارس، نیشا پور سے گزرتا ہوا مرو پہونچا تھا جبکہ دوسرا کوفہ، بغداد، قم اور خراسان کی راہ تھا جس میں کوفہ، بغداد اور قم سیاسی لحاظ سے حساس سمجھے جاتے تھے۔ کوفہ شیعیان علی کا اجتماعی مرکز شمار ہوتا تھا اور بنی امیہ اور بنی عباس کے خلاف تحریک کا مضبوط مرکز رہا تھا، بغداد مامون کے سیاسی مخالفین اور متعصب عباسیوں کا مرکز تھا جو امین اور مامون کے درمیان کشمکش میں مخالف مامون رویہ اختیار کر گئے تھے۔ شہر قم کا شمار ان چند شہروں میں تھا جہاں دلوں میں خاندان علی (ع) ابن ابی طالب کی محبت موجزن تھی، ان سیاسی مصلحتوں کے پیش نظر مورخین کا اتفاق ہے کہ امام رضا (ع) کے سفر کے لئے بصرہ، بناج، اھواز، اراکی، دشتِ لوط ، نیشاپور، طوس اور سناباد کا راستہ منتخب کیا گیا حالانکہ اس راستے میں زیادہ صعوبتیں تھیں۔
تفصیلاتِ سفر:
جلیل عرفان منش نے اپنی کتاب ‘ جغرافیائی تاریخی ہجرت امام رضا (ع) از مدینہ تا مرو’ میں اس سفر کی تفصیلات تحریر کی ہے جس کے بموجب مدینہ سے مرو کے سفر میں مامون نے رجاء ابن ابی ضحاک اور یاسر خادم کو بطور نگراں مقرر کیا تھا۔ امام (ع) کے خاص خادم ابا صلعت ہروی بھی ساتھ تھے۔ امام (ع) کی قبر رسول (ص) سے وداع کا منظر امام حسین (ع) کی رخصت سے بالکل مشابہ تھا۔ امام (ع) نے فرمایا کہ غربت میں میری رحلت ہوگی اور ہارون کے باز و دفن ہونگا۔ امام نے اپنے فرزند امام محمد تقی(ع) کو اپنا قائم مقام مقرر کرتے ہوئے اصحاب اور اعزہ کو ان کی ہدایات پر عمل کی تلقین کی۔ بعض روایات کے مطابق مدینہ سے امام نے مکہ کا ارادہ کیا لیکن جلیل عرفان نے مکہ کے سفر کو خارج از امکان قرار دیا کہ اولاً وہ خراسان کی مخالف سمت میں واقع تھا مزید برآں اس زمانہ میں مکہ میں محمد دیباج اور ابن افطس جو امام زین العابدین (ع) کی اولاد ہیں حاکم وقت کے خلاف قیام کیا ہوا تھا۔ اس وقت کے محدود ذرائع ابلاغ میں یہ سفر اہلبیت کی حقانیت کو نشر کرنے میں بیحد مثبت اثرات کا حامل تھا۔ سفر کے دوران امام (ع) کے بے شمار کرامات کا ظہور ہوا جس میں سے چند یہ ہیں۔
٭ اھواز میں طبیب کو علاج کے لئے ایک نامعلوم درخت کے پتہ کی نشاندہی کرنا۔
٭ نیشاپور میں ٣٤ ہزارر اویوں کے سامنے حدیث سلسلۃ الذھب یعنی کلمۃ لا الہ الا اﷲ حصنی من دخل
حصنی امن بشر طہاوشرو طہا و انا من شرو طہا، کا اعلان اس میں ولایت کی شرط کے ذریعہ
‘امام والے اسلام ‘ کے مقابلے میں ‘ملوکیت کے اسلام ‘ کی نفی کردی۔
٭ نیشاپور میں چشمہ کابرآمد ہونا جو آج تک جاری ہے۔
٭ کوہ سنگی میں برتن بنانے کے پتھروں کا نرم ہوجانا جو آج تک موجود ہے۔
٭ بناج میں محمد بن عیسیٰ حبیب بناجی کو اس کے خواب کی تعبیر میں مثل آنحضرت صرف ١٨ کھجور دینا۔
( بحار الانوار ، صواعق محترقہ، عیون اخبار رضا )
تقریباً ایک سال کے سفر کے اختتام پر امام رضا (ع) ٢٠١ھ کے پہلے نصف ( یکم مئی ٨١٧ء) مرو میں وار د ہوئے۔ مرو پہونچنے پر مامون نے اور اہل خراسان نے امام کا شایان شان استقبال کیا۔ زمانہ گذشتہ میں بے شمار سیاسی اور مذہبی تحریکوں کے مرکز کی وجہ سے یہاں کے لوگ آزاد خیال اور کھلے دل والے تھے (ابن حسن جارچوی)۔ یکم رمضان المبارک ٢٠١ھ بروز پنجشنبہ امام کی ولی عہدی کا جلسہ منایا گیا اور لوگوں نے آپ کی بیعت کی۔اس موقع پر مامون نے ‘حلف نامہ ولی عہدی’ خود تیار کیا تھا جو بطور ضمیمہ مقالہ میں موجود ہے۔ امام (ع) کی ولی عہدی کے اعتراف میں جمعہ کے خطبہ میں آپ (ع) کے نام کا اضافہ کیا گیا اور حکومت کے سکوں پر آپ کا نام نقش ہوا۔ انہی سکوں کو عقیدتمندوں نے بعد کے دور میں بطور تبرک اور ضمانت سفر کے دوران اپنے پاس رکھنا شروع کیا جس سے رسم امام ضامن (ع) کی بناء پڑی۔