فقہی الفاظ اور اصطلاحات کے معنی

576

 
آب قلیل : اس پانی کو کہتے ہیں جو کر سے کم ہو اور زمین سے پھوٹ کر بھی نہ نکل رہا ہو ۔
آب کر : احتیاط واجب کی بناء پرکر پانی اس مقدار کو کہتے ہیں کہ اگر ایسابرتن ہو جو ساڑھے تین بالشت لمباساڑھے تین بالشت گہراساڑھے تین بالشت چوڑاہو اوراس کوپانی سے بھردیاجائے تووہ پانی کربھر ہوگا ۔یا اس کاوزن تین سوچوراسی کیلوگرام ہو ۔اور بالشت میں متوسط لوگوں کی بالشت معیار ہے ۔
آب مضاف: وہ ہے جسے تنہاپانی نہ کہہ سکیں (بلکہ اسے کسی دوسری چیزکی طرف نسبت دیکرپانی کہیں(جیسے پھولوں کا عرق، نمک کاپانی وغیرہ۔
مطلق پانی : وہ پانی ہے جسے عرف عام میںپانی کہتے ہیں،اور اس کو کسی دوسری چیز کی طرف نسبت نہیں دیتے مثلا اس کو نمک کا پانی یا پھلوں کا پانی نہ کہا جائے اور اس کو خالص پانی بھی کہاجاتا ہے ۔
آلات لہو: عیاشی کے ساتھ وقت گزارنے کے نامشروع وسائل جیسے تارساز،بانسری وغیرہ۔
ابن سبیل : وہ مسافر جس کے پاس سفر میں پیسہ ختم ہوگئے ہوں ۔
اتقی: جو بہت زیادہ متقی اور پرہیزگار ہو ۔
اجارہ : وہ معاہدہ جس کے تحت کسی چیز کی منفعت یا کسی شخص کی محنت ، معینہ اجرت پر کسی دوسرے کے حوالہ کی جائے
اجرت المثل : کام کے جیسی اجرت، مثلا کوئی شخص کسی کام کو اس کی اجرت معین کئے بغیر انجام دے ، تو اس کی اجرت اس جگہ کے عرف عام کے مطابق دینا ہوگی۔
اجزاء وشرایط: ہر وہ چیز جس کے نہ ہونے کی وجہ سے خود اصل چیز باقی نہ رہ جائے اسے جزء کہتے ہیں اور ہر وہ چیز جس کے نہ ہونے کی وجہ سے کسی چیز کی کوئی صفت یا مخصوص حالت بدل جائے اس کوشرط کہتے ہیں جیسے رکوع اور سجود نماز کا جزء ہے لیکن وضو نماز کے لئے شرط ہے ۔
اجیر: جو شخص ایک معینہ معاہدہ کے تحت کسی کام کو انجام دینے کی اجرت اور مزدوری لے ۔
احتلام: سوتے وقت انسان کی منی نکلنا ۔
احتیاط : تمام اطراف و جوانب کی رعایت کرتے ہوئے عمل انجام دینا جس سے انسان کو اطمینان حاصل ہوجائے ۔
احتیاط لازم: احتیاط لازم یہ ہے کہ احتیاط سے پہلے یا اس کے بعد مجتہد نے اس کے متعلق کوئی فتوی نہ دیا ہو ۔
احتیاط مستحب : احتیاط مستحب یہ ہے کہ احتیاط سے پہلے یا اس کے بعد مجتہد نے اس کے متعلق کوئی فتوی صادر کیا ہو
احتیاط واجب : احتیاط لازم کے معنی میں ہے جس کی تفصیل گذر گئی ہے ۔ ایسے مسائل میں مقلد کسی دوسرے مجتہد کی تقلید کرسکتا ہے
احتیاط کو ترک نہیں کرنا چاہئے: اس سے احتیاط واجب کی طرف اشارہ ہے ۔
احراز: حاصل کرنا، لینا ۔
احوط: جو کام احتیاط کے مطابق ہو ۔
احیائے زمین: کھیتی کر کے یا باغ یا مکان وغیرہ کی تعمیر کرکے بے کار زمین کو کار آمد بنانا ۔
اخفات : آہستہ اور بغیر آواز کے (حمد و سورہ کو) پڑھنا
ادعا: کسی چیز کا اپنے یا دوسرے کے حق میں اظہار کرنا ۔
اذن : اجازت
ارباح مکاسب : کام کا منافع، کام کرنے کے ذریعہ ہر طرح کی آمدنی کو ارباح مکاسب کہتے ہیں۔
ارتماس: غسل کے لئے پانی میں غوطہ لگانا ۔ وضو کیلئے ہاتھ اور چہرہ کو پانی میں ڈبونا ۔
ارث: میراث، مرنے والے کا ترکہ جو وارثوں کیلئے باقی رہ جاتاہے ۔
استبراء : گندگی سے پاک ہونے کی کوشش کرنا ۔ اس لفط کا استعمال تین مقامات پر ہوتا ہے ۔
١۔ پیشاب سے استبراء: (اس کا طریقہ توضیح المسائل کے مسئلہ نمبر ٧٨میں بیان کیا گیا ہے) ۔
٢۔ منی سے استبراء : یعنی منی خارج ہونے کے بعد پیشاب کرنا تاکہ نالی میں پیشاب کی نالی میں منی کے ذرات نہ رہ جانے کا اطمینان حاصل ہوجائے ۔
٣۔ نجاست خوار حیوان کا استبراء : یعنی ایسے جانور کو اتنے دن تک انسان کی نجاست کھانے سے روکے رکھنا کہ وہ اپنی اصل خوراک کھانے کا عادی ہوجائے ۔ اس کا طریقہ توضیح المسائل کے مسئلہ نمبر ٢٣٩ میں بیان کیا گیا ہے ۔
استحاضہ : حیض، نفاس، زخم اور پھوڑے پھونسی کے خون کے علاوہ جو خون عورتوں کے رحم سے خارج ہوتا ہے اس کو خون استحاضہ کہتے ہیں اس کی تین قسمیں ہیں استحاضہ قلیلہ، استحاضہ متوسطہ، استحاضہ کثیرہ۔
استحالہ : ایک چیز کا اس طرح تبدیل ہوجانا کہ اس کی حقیقت باقی نہ رہے جیسے نجس لکڑی جل کر خاک راکھ ہوجائے ، یا وہ کتا جو نمک زار میں جا کر نمک میں تبدیل ہوجائے ۔
استفتاء: فتوی معلوم کرنا، کسی شرعی مسئلہ کے سلسلہ میں مجتہد کا نظریہ معلوم کرنا۔
استطاعت : جسمانی صحت، مال اور راستہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے حج کے قابل ہونا ۔
بیوی سے استمتاع: بیوی سے جماع کے علاوہ دوسری لذت اٹھانا ۔
استمناء: اپنے ساتھ ایسا کوئی عمل انجام دینا جس کی وجہ سے منی نکل آئے ۔
اشکال ہے: احتیاط واجب کے معنی میں ہے جس کے معنی گذر گئے ہیں ۔
اضطرار: مجبوری۔
اظہر: زیادہ ظاہر،فتوی ہے اور مقلد کو اسی کے مطابق عمل کرنا چاہئے ۔
اعدل: بہت زیادہ عادل-
وطن سے اعراض: انسان کا اپنے وطن کو چھوڑنے کا ارادہ کرنا اور دوسری جگہ مقیم ہوجانا ۔
اعراض عملی: جب بھی انسان اپنے پہلے وطن میں واپس آکر ہمیشہ رہنے کا قصد کرے لیکن عملی طور پر ایک مدت گذر جائے (مثلا پانچ سال یا زیادہ)اور ابھی تک واپس نہ آئے تو اب اس کو عملی اعراض حاصل ہوگیا اوراس کی نماز وروزہ وہاں پر قصر ہے ۔
اعلان: خبر دینا-
اعلم: بہت زیادہ عالم ۔
افضاء: افضاء کے لغوی معنی کھلنے کے ہیں، اوراصطلاح میں پیشاب اور حیض کے مقام کا ایک ہوجانا ۔ یا حیض اور پاخانہ کے مقام کا ایک ہوجانا یا تینوں مقامات کا ایک ہوجانا ۔
افطار: روزہ کھولنا یا روزہ توڑنا ۔
اقامہ معروف : واجب یا مستحب کام انجام دینا ۔
اقرب یہ ہے: فتوی یہ ہے (سوائے اس صورت کے عبارت میں کوئی ایسا قرینہ موجود ہو جو فتوی نہ ہونے کو بتائے) ۔
اقوی یہ ہے: قوی نظریہ یہ ہے، صریح فتوی یہ ہے اور اسی کے مطابق عمل کرنا چاہئے ۔
ضرورت کودور کرنے پر اکتفاء کرنا: مجبوری کے مطابق اکتفاء کرنا اور اس سے زیادہ انجام نہ دینا ۔
الزام کرنا: مجبور کرنا ۔
امام : رہبراور معصوم راہنما ۔
امام جماعت : نماز میں جس کی اقتداء کرتے ہیں اسے امام جماعت کہتے ہیں ۔
امرار معاش: زندگی بسر کرنا ۔
امر بالمعروف : قوانین شریعت اوراحکام دین پر عمل کرنے کے لئے دوسروں کو مجبور کرنا اور انہیں عمل کی دعوت دینا ۔
امساک : منع کرنا، اپنے آپ کو کوئی کام انجام دینے سے روکنا ۔ جو چیز روزہ کو ضرر پہنچاتی ہیں ان سے پرہیز کرنا ۔
اموال محترمہ : اسلامی قوانین کی بنیاد پر جن اموال کا احترام کیا جاتا ہے ۔
انتقال: منتقل کرنا، نجس چیز کا اپنی جگہ سے اس طرح منتقل ہونا کہ پھر اس کو پہلے والی چیز نہ کہا جاسکے جیسے انسان کے خون کا مچھر کے جسم میں منتقل ہونا ۔
انزال: منی کا نکالنا ۔
اوداج اربعہ: جانوروں کی چاروں رگیں ۔
اورع : جو بہت زیادہ متقی و پرہیزگار ہو ۔
اولی : بہتر ، زیادہ مناسب
ایقاع: وہ معاملہ جو ایک طرف سے واقع ہوجاتا ہے اور اسے قبول کرنے والے کی ضرورت نہیں ہوتی جیسے طلاق میں صرف طلاق دینا کافی ہوتا ہے قبول کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
اہل کتاب : وہ غیر مسلم جو خود کو کسی صاحب کتاب پیغمبر کا تابع سمجھتا ہو جیسے یہودی، عیسائی۔
فہرست (ب)
بالغ: وہ شخص جو بالغ ہوگیا ہو ۔
وضو کے بدلہ: وضو کی جگہ پر ، جہاں پر پانی نہ ہووہاں مکلف کا وظیفہ تیمم ہے اور یہ تیمم ، غسل یا وضو کے بدلہ ہوگا
برائت ذمہ: شک کے مقامات پر مکلف کو اس طرح عمل کرنا چاہئے تاکہ اس کو یقین ہوجائے کہ اس نے اپنی تکلیف انجام دیدی ہے ۔
بعید ہے : فتوی یہ ہے (مگر کلام میں اس کے خلاف کوئی قرینہ پایا جاتا ہو) ۔
بلوغ : حد تکلیف کو پہنچنا ۔
بیع مثل بہ مثل: ایک جنس کی دو چیزوں کو بدلنے کی صورت میں خرید و فروخت کرنا جیسے گہیوں کو گہیوں سے بیچنا اور خریدنا ۔
بہیمہ: چار پیروں والا جانور۔
فہرست (ت)
تبیعت: پیروی کرنا، کسی نجس چیز کا کسی دوسری نجس چیز کے پاک ہوجانے کی وجہ سے پاک ہوجانا، مثلا جس برتن میں انگور کا شیرہ ابلا ہو او ردوتہائی حصہ جل جانے کے بعد اس برتن کا پاک ہوجانا ۔
تجافی : نیم خیزی یا آدھا قیام ۔ جو ماموم ، نماز جماعت کی دوسری رکعت میں شامل ہوتا ہے اوروہ امام کے تشہد پڑھتے وقت کھڑے ہونے کی حالت میں بیٹھتا ہے ۔
تحت الحنک: ٹھڈی کے نیچے ۔ عمامہ کا وہ سرا جو گلے کے نیچے لٹکایا جاتا ہے ۔
تخلی: خالی کرنا ۔ پیشاب و پائخانہ کرنا ۔
تخمیس : مال سے خمس نکالنا، مال کے خمس کو ادا کرنا ۔
تروی: شک کے وقت نماز کی رکعتوں کی تعداد میں فکر کرنا ۔
تزکیہ ہونا: وہ جانور جو شرعی قوانین کے مطابق ذبح ہوا ہو ۔
تسبیحات اربعہ: سبحان اللہ والحمد للہ و لا الہ الا اللہ و اللہ اکبر۔
تسبیح حضرت زہرا(سلام اللہ علیہا): چونتیس مرتبہ اللہ اکبر کہنا، تینتیس مرتبہ الحمد للہ کہنا اور تینتیس مرتبہ سبحان اللہ کہنا
تستر : اپنے کو ڈھانپنا(کپڑے پہننا) ۔
تسمیہ : (ذبح کرتے وقت)خدا کا نام زبان پر جاری کرنا ۔
تشریح : انسان یا حیوان کے مردہ جسم کو ڈاکٹری اطلاعات کے لئے کاٹنا ۔
تصدیق: گواہی دینا، تاکید کرنا ۔
تطہیر: پاک کرنا ۔
تعدی: زیادہ روی کرنا، ظلم کرنا، دست درازی کرنا، تجاوز کرنا ۔
تعقیب : تعاقب کرنا، نماز کے بعد ذکر، دعا اور قرآن کی تلاوت میں مشغول ہونا ۔
تفاوت قیمت(صحیح و معیوب): جنس سالم اور جنس غیر سالم میں قیمت کے لحاظ سے مقدار کا مختلف ہونا ۔
تفریط : کوتاہی کرنا، مسامحہ کرنا ۔
تقاص: قصاص لینا، مقروض کے مال کو اپنا قرض واپس لینے کی وجہ سے طلب کرنا ۔
تقلید : مجتہد کے فتاوی پر عمل کرنا ۔
تکبیرة الاحرام : نماز شروع کرنے کے لئے اللہ اکبر کہنا ۔
تلقیح مصنوعی : مرد کے نطفہ کو انجکشن کے ذریعہ عورت کے رحم میں ڈالنا ۔
تمکن : قدرت رکھنا ۔
تمکین : اپنے آپ کو حوالہ کرنا(جنسی مسائل میں شوہرکی درخواست پر عمل کرنا) ۔
تیمم : پانی نہ ہونے کی وجہ سے سات مقامات پر وضو یا غسل کے بدلے تیمم کرنا ۔
غسل کے بدلہ تیمم: جہاں پر غسل ممکن نہ ہو یا غسل کے لئے پانی نہ ہو تو غسل کے بدلے تیمم کرنا ہوگا ۔
تیمم جبیرہ: اس شخص کا تیمم کرنا جس شخص کے اعضاء تیمم پر مرہم یا پٹی بندھی ہوئی ہے ۔
توکیل : وکیل یا نمائندہ بنانا ۔
توریہ : دو طرح کی بات کہنا جس سے سننے والا کچھ سمجھے اور کہنے والے کی مرادکچھ اور ہو ۔
تہمت : کسی پر الزام لگانا، کسی کی طرف ناروا نسبت دینا ۔
فہرست (ث)
ثلثان : دو تہائی۔ انگور اور کشمش کو کھولانے کے بعد دو تہائی پانی کا بھاپ بن کر اڑ جانا اس کے ذریعہ انگور اور کشمش کا پانی حلال ہوجاتا ہے ۔
ثمن : قیمت
فہرست (ج)
جاعل : جعالہ کی قرار داد منعقد کرنے والا ۔
جاہل بہ مسئلہ: مسئلہ سے ناواقف۔ جو اپنے شرعی مسئلہ کو نہ جانتا ہو ۔
جاہل قاصر: مسئلہ سے ناواقف ایسا شخص جس کے لئے حکم خدا کا معلوم کرنا ممکن نہ ہو یا وہ خود کو جاہل اور ناواقف نہ سمجھتا ہو ۔
جاہل مقصر : وہ ناواقف شخص جس کے لئے مسائل کو سیکھنا ممکن رہا ہو لیکن اس کے باوجود اس نے کوتاہی کی ہو اور جان بوجھ کر مسائل معلوم نہ کئے ہوں ۔
جبیرہ : زخم پر رکھی جانے والی پٹی ، دوا، یا زخم یا ٹوٹی ہوئی ہڈی پر باندھی جانے والی پٹی وغیرہ۔
جرح ۔ جروح: زخم
جنب : جس شخص کی منی نکلی ہو یا اس نے ہمبستری کی ہو ۔
جعالہ : وہ معاہدہ جس کے تحت کوئی شخص یہ اعلان کرے کہ جو شخص بھی میرا فلاں کام کرے گا میں اسے اتنی اجرت دوں گا مثلا یہ کہے کہ جو بھی میری کھوئی ہوئی فلاں چیز کو ڈھونڈ لائے گا اسے دس روپے دوںگا اس قسم کا معاہدہ کرنے والے کو ‘جاعل’ اور اس معاہدہ پر عمل کرنے والے کو عامل کہتے ہیں ۔
جلال: وہ جانور جو انسان کی نجاست (پاخانہ )کھانے کا عادی ہوگیا ہو ۔
جماع: ہمبستری، مقاربت۔
جھر: بلند آواز، بلندآواز سے کسی چیز کی قرائت کرنا ۔
فہرست (ح)
حائض : جس عورت کو ماہواری آرہی ہو ۔
حاکم شرع: وہ مجتہد جس کا حکم، شرعی قوانین کی بنیاد پر نافذ ہو ۔
حج: خانہ خدا کی زیارت-
حج نیابتی: کسی کی طرف سے خانہ خدا کی زیارت کرنا ۔
حدث اصغر: ہر وہ کام جس سے وضو باطل ہوجائے ۔
حدث اکبر : ہر وہ چیز جس کی وجہ سے نماز کے لئے غسل کرنا پڑے جیسے احتلام، ہمبستری۔
حد ترخص : مسافت کی وہ حد جہاں سے اذان کی آواز سنائی نہ دے اور آبادی کی دیواریں دکھائی نہ دیں ۔
حرام: ہر وہ عمل جس کو شریعت کی نظر میںترک کرنا ضروری ہو ۔
حرج ۔ مشقت : سختی ، دشواری۔
حصہ : حصہ
حضر: جائے قیام، وطن۔
حنوط : میت کی پیشانی، دونوں ہتھیلیوں، گھٹنوں اور پیر کے دونوں انگوٹھوں کی نوک پر کافور ملنا ۔
حوالہ : اپنے قرض خواہ کو قرض کی وصولی کیلئے کسی اور شخص کے پاس بھیجنا (یعنی اپنے قرض کی ادائیگی کسی دوسرے کے ذمہ کردینا) ۔
حیض : ماہواری۔
فہرست (خ)
خارق العادة : عادت کے خلاف، غیر معمولی۔ توقع سے زیادہ۔
قوت سے خالی نہیں ہے: فتوی یہ ہے ۔
خبرہ : مسائل سے واقف انسان۔
خبیث : نجاست، برائی۔
خسارت : نقصان، ضرر۔
خمس: پانچواں حصہ ۔ سالانہ بچت کا بیس فیصد حصہ جومجتہد جامع الشرائط اور مرجع تقلید کو دیا جانا چاہئے ۔
خوارج : وہ لوگ جو امام معصوم (علیہ السلام)کے خلاف جنگ کیلئے نکلیں جیسے نہروان کے خوارج۔
خوف : ڈر ، خوف۔
خون جہندہ: وہ جانور جس کو ذبح کرتے وقت اس کی گردن سے خون اچھل کر نکلے ۔
خیار: خرید و فروخت کا معاملہ باطل کرنے کا اختیار۔
فہرست (د)
دائمہ : وہ عورت جس سے عقد دائم کیا ہو (بیوی) ۔
دبر : پاخانہ کا مقام ۔
دعوی: عدالت خواہی۔
دفاع : دشمن کا مقابلہ کرنا،دشمن کو بھگانا ۔
دیت : کسی مسلمان کی جان یا اس کے کسی عضو کے تاوان میں دیا جانے والا مال۔
فہرست (ذ)
ذبح شرعی : شرعی قوانین کی رعایت کرے ہوئے حلال گوشت جانور کو ذبح کرنا ۔
ذمہ : کسی چیز کو ادا کرنے یا انجام دینے کا معاہدہ کرنا ۔
ذمی : یہودیوں اور عیسائیوں کی طرح وہ اہل کتاب کفار جو مسلمان، مملکت میں رہتے ہوں او راسلام کے اجتماعی قوانین کی پابندی کا وعدہ کرنے کی وجہ سے حکومت اسلامی ان کی حفاظت کرے ۔
فہرست (ر)
ربا : زیادہ، اضافی، قرض کے بدلے میں سود لینا ۔
ربای معاوضی : ایک جنس کی دو چیزوں کی خریدو فروخت، وزن یا پیمانہ کی زیادتی کی شرط کے ساتھ۔
رجاء مطلوبیت : کسی عمل کو مطلوب پروردگار ہونے کی امید سے انجام دینا(یہ نیت نہ کرنا کہ شریعت نے اس کا حکم دیا ہے) ۔
رجوع : پلٹنا، رجوع کرنا، اس کا استعمال دومقامات پر زیادہ ہوتا ہے:
١۔ اعلم جس مسئلہ میں احتیاط واجب کا حکم دے اس مسئلہ میں کسی دوسرے مجتہد کی طرف رجوع(تقلید)کرنا ۔
٢۔ بیوی کو طلاق رجعی دینے کے بعد عدہ کے دوران ایسا کوئی عمل انجام دینا یا ایسی کوئی بات کہنا جس سے اس بات کا پتہ چلے کہ اسے دوبارہ بیوی بنالیا ہے ۔
رضاعی : وہ لڑکا یا لڑکی جو ایک عورت کا دودھ پئیں ۔ (وہ افراد جو دودھ پینے کی وجہ سے ایک دوسرے کے رشتہ دار ہوجائیں، جیسے رضاعی بھائی، رضاعی بہن وغیرہ۔
رفع ضرورت : مجبوری کی حالت کا برطرف ہونا ۔
رکن ، ارکان: ستون۔ ہر عبادت کا اساسی اور بنیادی جزئ۔
رکوع : نماز میں اس قدر جھکنا کہ دونوںہاتھ ، گھٹنوں کے مقابل پہنچ جائیں ۔
رہن : گروی رکھنا، اپنی کوئی چیز قرض خواہ کے پاس اس لئے رکھنا کہ اگر اسے مقررہ وقت پر اپنا قرض واپس نہ ملے تو وہ اس چیز سے اپنا قرض حاصل کرلے ۔
ریبہ : گناہ میں پڑنے کا خوف۔
فہرست (ز)
زائد بر مؤونہ : زندگی کے خرچ سے زیادہ۔
زائل ہونا : برطرف ہونا ۔
زکات : پاکیزگی، مخصوص اموال کی ایک معین مقدار جسے معینہ شرائط پائے جانے کی صورت میں مخصوص مصارف میں صرف کرنا ہوتا ہے ۔
زکات فطرہ: تقریبا تین کیلو گہیوں، جو، یا چاول وغیرہ یا اس کی قیمت جو عید فطر کے موقع پر فقراء کو دی جائے یا زکاة کے دوسرے مصارف میں لگائی جائے ۔
زمان غیبت کبری : ہمارا زمانہ، جس میں امام بارہویں امام(علیہ السلام)پردہ غیب میں زندگی بسر کررہے ہیں ۔
زینت : آرائیش و زیبائی۔
فہرست (س)
سال قمری : چاند کا بارہ مرتبہ زمین کے گرد گھومنا، جس کی مدت ٣٥٤ روز اور چند گھنٹے ہوتی ہے اور یہ محرم سے ذی الحجہ تک عربی مہینوں کے مصادف ہے ۔
سال خمسی : اپنے امور کا پہلی بار حساب کرنے کے بعد پورا ہونے والا ایک سال، ہر سال اسی تاریخ کو خمس کا حساب کرنا چاہئے ۔
سجدہ ، سجود : خدا وند عالم کے سامنے پیشانی، ہاتھوں کی ہتھیلیاں، دونوں گھٹنے اور پیر کے دونوںانگوٹھوں کی نوک کو زمین پر رکھنا ۔
سجدہ سہو : نماز میں بھولے سے ہونے والی غلطیوں کی وجہ سے نماز کے بعد کیا جانے والا سجدہ۔
سجدہ شکر : خداوند عالم کی عطا کردہ نعمتوں کا شکر ادا کرنے کے لئے پیشانی زمین پر رکھنا ۔
سرقت حدی : ایسی چوری جس میں تمام شرایط جمع ہونے کی وجہ سے حد واجب ہوجائے ۔
سرگین : جانوروں کا پاخانہ۔
سفیہ : کم عقل، جو اپنے مال کو حفاظت سے رکھنے کی صلاحیت نہ رکھتا ہو اور اپنے مال کو بیہودہ کاموں میں مصرف کردے ۔
سقط شدہ : ناقص بچہ، جو پیدا ہونے سے پہلے ماں کے پیٹ سے باہر نکل گیا ہو ۔
سودی قرض : وہ قرض جس میں یہ شرط کی گئی ہو کہ قرض لینے والا کچھ بڑھا کر واپس کرے گا ۔
فہرست (ش)
شاخص : ظہر کے وقت کا پتہ چلانے کے لئے زمین میں نصب کی جانے والی لکڑی یا کوئی اور آلہ۔
شارع : بانی ٔ شریعت اسلام، خداوند عالم، رسول اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) ۔
شاہد : گواہ
شرایط ذمہ : اہل کتاب ، بلاد مسلمین میں جن شرائط پر عمل کرتے ہیں ، ان شرایط کی وجہ سے اسلامی حکومت ان کی جان، مال، آبرو کی حفاظت کی ذمہ داری لیتی ہے ۔
شہادت : گواہی دینا ۔
شہادتین : خداوند عالم کی وحدانیت اور رسول اسلام(صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)کی رسالت کی گواہی دینا ۔
شیوع : شایع ہونا، رائج ہونا ۔
شہرت : مشہور ہونا، سب کے لئے آشکار ہونا ۔
شیرکامل : کامل دودھ ، یہاں پر کامل دودھ سے مراد وہ نو شرائط ہیں جو بچہ کو دودھ پلانے کیلئے توضیح المسائل میں بیان کئے گئے ہیں اور ان شرائط کے ساتھ دودھ پینا محرم کا سبب بن جاتا ہے ۔
فہرست (ص)
صاع : وہ پیمانہ جس میں تقریبا تین کلوگرام کی گنجائش ہو ۔
صحت : صحیح ، درست۔
صراط : قیامت کے روز پل صراط مراد ہے ۔
صغیرہ : وہ لڑکی جو سن بلوغ کو پہنچ گئی ہو ۔
صلح : فریقین کا کسی بات پر متفق ہونا ۔ کسی دوسرے کے ذمہ اپنے کچھ مال یاحق کو معاف کردینا تاکہ وہ بھی اپنے مال یا حق کو معاف کردے ۔
صیغہ : ان الفاظ کا پڑھنا جن کے ذریعہ ‘عقد ‘ اور ‘ایقاع’ وجود میں آتا ہے ۔
فہرست (ض)
ضامن : ذمہ دار، اپنے ذمہ لینے والا ۔
ضرورت : وجوب۔ یقینی۔
ضروری دین : جو چیزیں بلاشک و شبہ دین کا جزء ہیں ، تمام وہ احکام جنہیں سارے مسلمان ، دین کا جزء مانتے ہو جیسے نماز ، روزہ کا واجب ہونا، اگر ان کا انکار کرنے سے نبوت کے انکار کا سبب بنے تو ایسا شخص اسلام سے خارج ہے ۔
فہرست (ط)
طلاق : آزادی، شریعت میں مقرر قوانین کے ذریعہ رشتہ ازدواج توڑنا ۔
طلاق بائن : وہ طلاق جس کے بعد مرد کو رجوع کرنے کا حق نہیں ہوتا ۔
طلاق خلع : اس عورت کی طلاق جو شوہر کو ناپسند کرتی ہو اور طلاق لینے کے لئے شوہر کو اپنا مہر یا کوئی دوسرا مال دے ۔
طلاق رجعی : وہ طلاق جس میں مرد عدت کے دوران عورت کی طرف رجوع کرسکتا ہے ۔
طلاق مبارات : وہ طلاق ہے جس میں شوہر اور زوجہ دونوں ایک دوسرے سے متنفر ہوں اور عورت طلاق کے لئے شوہر کو کچھ مال دے
طواف نساء : حج اور عمرہ مفردہ کا آخری طواف جس کے انجام نہ دینے کی وجہ سے طواف نہ کرنے والے کے لئے ہمبستری حرام رہتی ہے
طہارت : پاکیزگی۔ وہ معنوی حالت جو وضو یا غسل یا تیمم کرنے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے ۔
طہارت ظاہری : وہ چیز جو شارع مقدس کی نظر میں پاک ہے چاہے وہ حقیقت میں نجس ہو جیسے کوئی شخص کسی مسلمان کے گھر میں وارد ہو تو جب تک وہ کسی چیز کے نجس ہونے کو بیان نہ کرے اس گھر کی تمام چیزیں پاک ہیں ۔
فہرست (ظ)
ظاہر یہ ہے: فتوی یہ ہے(مگر یہ کہ عبارت میں اس کے برخلاف کوئی قرینہ موجود ہو) ۔
ظہر شرعی : ظہرکی اذان کا وقت جب شاخص کا سایہ بالکل ختم ہوجاتا ہے یا اتنا کم ہوجاتا ہے کہ اس سے کم نہیں ہوسکتا ۔ فصل بدلنے اورافق کی تبدیلی کے ساتھ اس کا وقت بدل جاتا ہے ۔
فہرست (ع)
عادت ماہیانہ : ماہواری، حیض۔
عادت وقتیہ و عددیہ :
عادل : جو شخص عقیدہ وعمل میں صحیح راستہ پر ہو واجبات کو انجام دے، محرمات کو ترک کرے اور حسن معاشرت کا مالک ہو ۔
عاریہ : کسی کو اپنا مال وقتی طور پر استعمال کے لئے بلاعوض دینا ۔
عاقلہ : پدری رشتہ دار۔
عاصی : گناہ کرنے والا، جو احکام الہی کی نافرمانی کرتا ہے ۔
عامل : عمل کرنے والا: ١۔ جو جعالہ کے معاہدہ پر عمل کرتا ہے ۔ ٢۔ حاکم شرع کی طرف سے زکات کا مال جمع کرنے ،اس کا حساب و کتاب رکھنے اور اس کو تقسیم کرنے کی ذمہ داری ہو ۔ ٣۔ اجرت پر کام کرنے والا ۔
عایدات : آمدنی۔
عرف : لوگوں کی عام تہذیب و ثقافت۔
عرق جنب از حرام : وہ پسینہ جو ناجائز ہمبستری یا استمناء کے بعد بدن سے خارج ہوتا ہے ۔
عزل : کسی چیز کو الگ کرنا ۔اس کے دو معنی ہیں : ١۔ ہمبستر ی کرتے وقت منی کو عورت کے رحم سے باہر نکالنا تاکہ نطفہ منعقد نہ ہو ۔ ٢۔ اپنے وکیل کو کسی کام سے برطرف کرنا جیسے حاکم شرع کا خائن متولی یا وصی کو برطرف کرنا ۔
عسر و حرج : مشقت وسختی۔
عسرت : سختی، تنگدستی۔
عقد : گرہ، معاہدہ۔ رشتہ ازدواج۔ ارتباط
عقد بیع : خرید وفروخت کا معاہدہ۔
عقد دائم : شادی
عقد غیر دائم : متعہ ، صیغہ۔
عقود : دو طرفہ معاہدہ، جیسے خرید و فروخت ، شادی، مصالحہ ۔
عمال : عامل کی جمع،کارندے، کام کرنے والے ۔
عمدا : جان بوجھ کر ، کسی کام کو علم و آگاہی کے ساتھے انجام دینا ۔
عمرہ : خانہ کعبہ کی زیارت، خانہ کعبہ سے مربوط وہ مخصوص اعمال جو کسی حد تک حج سے مشابہ ہیں ۔ حج کے شرائط پائے جانے کی صورت میں ہر مکلف پر زندگی میں ایک بار واجب ہوتا ہے ۔ اس کی دو قسمیں ہیں:
١۔ عمرہ تمتع جو حج تمتع سے پہلے کیا جاتا ہے ۔
٢۔ عمرہ مفردہ جو حج کے بغیر یا حج قران یا حج افراد کے بعد کیا جاتا ہے ۔
عمل بہ احتیاط : مکلف اپنی تکلیف کو اس طرح انجام دے کہ اس کو یقین ہوجائے کہ اپنی شرعی تکلیف انجام دیدی ہے، احتیاط کا طریقہ ، فقہی کتابوں میں بیان ہوا ہے ۔
عنین : ایسا مرد جو ہمبستری کرنے پر قادر نہ ہو ۔
عورت : اعضاء تناسلی۔
عہد : خداوند عالم کے سامنے مخصوص الفاظ میں کسی اچھے کام کے انجام دینے یا کسی خراب کام کے چھوڑنے کا عہد و پیمان کرنا ۔
عیال : بیوی، اہل و عیال۔
عید فطر : پہلی شوال ، مسلمانوں کی دو بڑی عیدوں میں سے ایک عید ۔
عید الاضحی : ماہ ذی الحجہ کی دسویں تاریخ، مسلمانوں کی دوبڑی عیدوں میں سے ایک عید۔
فہرست (غ)
غائب ہونا : چھپنا، شوہر کا ایک معینہ مدت تک غائب ہوجانا جس کی وجہ سے زوجہ ، حاکم شرع سے طلاق کی درخواست کرے ۔
غائط : پاخانہ۔
غرض عقلائی : جو ہدف ، عقلاء کی نظر میں قابل قبول اور پسندیدہ ہو ۔
غسالہ : کسی چیز کو دھونے کے بعد خودبخود یا نچوڑنے سے عام طور پر نکلنے والا پانی۔
غسل : دھونا، بدن کا ایک مخصوص طریقہ سے دھونا، اس کی دوقسمیں ہیں: ١۔ غسل ترتیبی۔ ٢۔ غسل ارتماسی۔
غسل واجب : وہ غسل جس کو انجام دینا ضروری ہے ۔
غسل مستحب : وہ غسل جن کو مخصوص شب و روز کی مناسبت یا عبادات یا مخصوص زیارات یامخصوص افعال کی وجہ سے کرنا مستحب ہے جیسے غسل جمعہ،غسل زیارت وغیرہ۔
غسل ارتماسی : غسل کی نیت سے پانی میں ایک بار غوطہ لگانا ۔
غسل ترتیبی : غسل کی نیت سے پہلے سروگردن، پھر بدن کے داہنے حصہ اور اس کے بعد بائیں حصہ کا دھونا ۔
غسل جبیرہ : اعضاء پر جبیرہ (مرہم پٹی) ہونے کی وجہ سے کیا جانے والا غسل ۔
غصب : دوسروں کے مال یا حق پر ناحق قبضہ۔
غلات : مسلمانوں کا وہ گروہ جو امیرا لمومنین حضرت علی (علیہ السلام) یا تمام ائمہ معصومین علیہم السلام کے بارے میں غلو کرتا ہے اور ان حضرات کو خدا سمجھتا ہے ، یا خداوند عالم کے مخصوص صفات ، ان کے لئے بیان کرتا ہے ۔
فہرست (ف)
فتوی : شرعی مسائل میںمجتہد کا نظریہ ۔
فجر : صبح کی سفیدی ۔
فجر اول و دوم : اذان صبح کے نزدیک مشرق کی طرف سے اوپر کی طرف ایک سفیدی چلتی ہے جس کو فجر اول یا صبح کاذب کہتے ہیں جو وہ سفیدی پھیل جاتی ہے ، فجر دوم یا صبح صادق اور نماز صبح کا اول وقت ہوتا ہے ۔
فرادی : جماعت کے بغیر پڑھی جانے والی نماز۔
فرج : عام طور سے عورت کی شرمگاہ کوکہاجاتا ہے ۔
فرض : الزامی امر، جس کام کا انجام دینا یا ادا کرنا واجب ہو ۔
فضلہ : جانوروں کا پاخانہ ۔
فطریہ : زکات فطرہ۔
فقاع : جو کی شراب ۔
فقیر : جس کے پاس اپنا اور اپنے اہل وعیال کا سال بھر کاخرچ نہ ہو اور کوئی ایسا ذریعہ بھی نہ ہو جس سے روزانہ کے خرچ کو پورا کرسکے
فی سبیل اللہ : راہ خدا میں ۔ ہر وہ کار خیر جس کا فائدہ مسلمانوں کو پہنچے جیسے مسجد ، پل اور سڑک بنانا ۔
فہرست (ق)
قبل : آگے (مرد یا عورت کی آگے کی شرمگاہ کی طرف اشارہ ہے) ۔
قتل : قتل کرنا ۔
قتل نفس محترمہ : ایسے شخص کو قتل کرنا جس کا خون شرعی لحاظ سے محترم ہو ۔
قرآئت : پڑھنا ۔ پنچگانہ نمازوں میں حمد و سورہ کا پڑھنا ۔
قروح : پھوڑا ، پھنسی ، زخم ۔
قریب : حقیقت اور واقع سے نزدیک ۔
قرینہ : نشانی ، علامت ۔
قسامہ : عدالت میں کسی جرم کے متعلق شاہدوں کا خاص شرائط کے ساتھ قسم کھانا ۔
قصاص : بدلہ لینا ، ایک قسم کی مجازات ہے ،ظالم کے ظلم کے بدلے میں اسی عمل کو انجام دینا جو اس نے انجام دیا ہو جیسے کسی شخص نے کسی کو جان بوجھ کر قتل کردیا ہو تو اس کے اولیاء ، حاکم کے زیر نظر قاتل کو قتل کرسکتے ہیں
قصد اقامہ : مسافر کا کسی شہر میں دس دن یا اس سے زیادہ رہنے کا قصد کرنا ۔
قصد انشاء : کسی معاملہ کو ایجاد کرنے کیلئے اس کے معین صیغوں کے ساتھ قصد کرنا ۔
قصد رجاء : مکلف کسی عمل کو یہ احتمال دیتے ہوئے انجام دے کہ اس کام کے ذریعہ خدا سے نزدیک ہوجائے گا ۔
قصدقربت : یعنی اپنے عمل کو مرضی الہی اور بارگاہ رب العزت سے قریب ہونے کا ارادہ کرتے ہوئے انجام دینا ۔
قضاء : ١۔ کسی چھوٹے ہوئے عمل کو اس کا وقت نکل جانے کے بعد انجام دینا ۔ ٢۔ فیصلے کرنا ۔
قنوت : دوسری رکعت میں حمد وسورہ کے بعد دونوں ہاتھوں کو چہرے کے برابر لاکر آسمان کی طرف بلند کرے دعا پڑھنا اور ذکر خدا کرنا
قیام متصل بہ رکوع : رکوع سے پہلے آخری لمحہ کا قیام ۔
قے : الٹی کرنا ۔
قیم : سرپرست ، جو شخص وصیت کی بنیاد پر یا حاکم شرع کے حکم سے کسی بچے یا دیوانہ یا بیمار کے کاموں کا ذمہ دار ہو ۔
فہرست (ک)
کافر : جو شخص توحید یا نبوت یا دونوں کا منکر ہو یعنی :
١۔ جو وجود خدا کاانکار کرتا ہو ۔
٢۔ خدا کا شریک قرار دینے والا ۔
٣۔ جو رسول اکرم (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)کی رسالت کا منکر ہو ۔
٤۔ مذکورہ امور میں شک کرنے والا ۔
٥۔ ضروریات دین میں سے کسی کا امر کا منکر جب کہ اس کے انکار کے نتیجہ میں خدا اور رسول کا انکار ہوتا ہو ۔
کافر حربی : وہ کفار جو مسلمانوں کے ساتھ حالت جنگ میں ہوں ۔
کافر ذمی : وہ اہل کتاب جو اسلامی مملکت میں مخصوص شرائط کے ساتھ اسلامی حکومت کی پناہ گاہ میں ہوں ۔
کثیر الشک : زیادہ شک کرنے والا ۔
کفارہ : وہ عمل جسے کسی گناہ کی تلافی کے لئے انجام دینا ہوتا ہے ۔
کفارہ جمع : تینوں کفارے (ساٹھ روزے رکھنا، ساٹھ فقیروں کو پیٹ بھر کھانا کھلانا اور غلام آزاد کرنا، ہمارے زمانہ میں پہلی دو قسمیں کافی ہیں) ۔
کفالت : کی کا کفیل ہونا ۔ کسی دوسرے کی جگہ پر کسی کام کے انجام دینے کی ذمہ داری لینا ۔
کفیل : ضامن ۔
فہرست (گ)
گوسفند : بھیڑ ۔
فہرست (ل)
لازم : واجب ۔
لازم الوفاء : اس پر عمل کرنا چاہئے ۔
لغو : بے فائدہ ، بے معنی، بیہودہ ۔
لہو ولعب : بوالہواسی اور فضول کھیل تماشا ۔
فہرست (م)
ما بہ التفاوت : دو چیزوں کے درمیان تفاوت کی مقدار، صحیح اور معیوب قیمت کے تفاوت کے ساتھ رجوع کرنا ۔
مال الاجارہ : وہ مال جومستاجر ، اجارہ کے عنوان سے ادا کرتا ہے ۔
مال المصالحہ : وہ مال جو دو افراد یا زیادہ کے درمیان صلح کے عنوان سے ادا کیا جاتا ہے ۔
مالیت شرعی : وہ چیز جو شرعی لحاظ سے مال شمار ہو ۔
مالیت عرفی : وہ چیز جو عام لوگوں کے تہذیب و تمدن میں مال شمار ہو اگر چہ دین اسلام کی نظر میں اس کی کوئی حیثیت یا مالیت نہ ہو جیسے شراب ۔
ماہ ہلالی : قمری مہینہ، ایک مرتبہ چاند نظر آنے کے بعد اگلے مہینہ تک ٢٩ یا ٣٠ دن کی مدت ۔
ماموم : اقتداء کرنے والا ۔ جو نماز جماعت میں امام کی اقتداء کرتا ہے ۔
مؤونہ : خرچ ، زندگی بسر کرنے کا خرچ ۔
مباح : ہر وہ فعل جس کو انجام دینا شرعی لحاظ سے جائز ہو (وہ عمل جو شریعت کی نظر میں نہ قابل مدح ہو اور نہ قابل مذمت) ۔
مبتدئہ : جس عورت کو پہلی بار ماہواری آئے ۔
مبطلات : عبادت کو باطل کرنے والی چیزیں ۔
متعہ : کسی عورت سے معینہ مدت تک کے لئے عقد کرنا ۔ معینہ مدت کے لئے رشتہ ازدواج میں آنے والی عورت ۔
متنجس : ہر وہ چیز جو ذاتی طور پر پاک ہو لیکن کسی نجس چیز سے بالواسطہ یا براہ راست مل جانے کی وجہ سے نجس ہوگئی ہو ۔
متولی : وقف کا سر پرست ۔
مجتہد : کوشش کرنے والا ۔ جو شخص احکام الہی کو سمجھنے کے سلسلے میں ‘ درجہ اجتہاد ‘ تک پہنچ گیا ہو ۔ یعنی اس میں اتنی صلاحیت پیدا ہوگئی ہو کہ وہ احکام اسلام کو قرآن و سنت ، عقل اور اجماع سے استنباط کرسکے ۔
مجتہد جامع الشرائط : وہ مجتہد جس میں تقلید کے سارے شرائط موجود ہوں ۔
مجرای طبیعی : ہر چیز کا فطری راستہ ۔
مجہول المالک : وہ مال جس کا مالک معلوم نہ ہو ۔
مجزی ہے : کافی ہے ۔ تکلیف کو ساقط کرنے والا ہے ۔
محارب : لوگوں کو ڈرانے، اجماعی نظم و نسق میں خلل اندازی اور لوٹ مار کرنے کے لئے اسلحہ سے حملہ کرنے والا ۔ نیز اسی مقصد سے گھر، دکان اور کارخانہ وغیرہ پر حملہ کرنے اور لوٹنے والے کو بھی محارب کہتے ہیں ۔
محتضر : جس شخص کا دم نکل رہا ہو ۔
محتلم : جس شخص کی سوتے میں منی نکلے ۔
محذور : مانع ۔ رکاوٹ ۔
محرم (محرمات) : جو چیز حرام ہے ۔ سال قمری کا پہلا مہینہ ۔
محرم : وہ نسبی رشتہ دار اور بعض سببی رشتہ دار جن سے کبھی بھی عقد نہیں کیا جاسکتا جیسے خواہر، مادر، بیٹی، بیٹی کی بیٹی، چچی، خالہ، رضاعی اولاد، خوش دامن، اس کی ماں، رضاعی بھائی ، بہن ۔
مُحرم : جو شخص حج یا عمرہ کے احرام میں ہو ۔
محجور : جس کو مال میں تصرف کرنے سے منع کردیا گیا ہو ۔
محظور : ممنوع ۔
محل اشکال ہے : ااس میں اشکال ہے ، حتیاط کرنا چاہئے ۔
محا تامل ہے : احتیاط کرنا چاہئے ۔
مخیر ہے : یعنی مقلد ایک طرف کو انتخاب کرسکتا ہے ۔
مخرج بول و غائط : پیشاب اور پاخانہ کا فطری مقام سے نکلنے کی جگہ ۔
مخمس : وہ مال جس کا خمس نکال دیا گیا ہو ۔
مد : وہ پیمانہ جس میں تقریبا ٧٥٠ گرام کی جگہ ہوتی ہے ۔
مدعی : جو شخص اپنے لئے کسی حق کا قائل ہو ۔
مذی : ایسی رطوبت جو ملاعبہ کے بعد انسان سے خارج ہوتی ہے (عورت کے ساتھ بوس و کنار کے وقت خارج ہونے والی منی ) ۔
مرتد : ایسا مسلمان جو خدا و رسول یا ضروریات دین میں سے کسی ایسے حکم کا منکر ہوجائے جس کے انکار سے خدا و رسول کا انکار ہوتا ہو ۔
مرتد فطری : جس شخص کے ماں باپ دونوں یا ان میں سے کوئی ایک مسلمان رہا ہو اور یہ شخص خود بھی مسلمان ہو اور پھر کافر ہوجائے ۔
مرتد ملی : غیر مسلم ماں باپ کے یہاں پیدا ہو لیکن خود کفر کا اظہار کرنے کے بعد مسلمان ہوگیا ہو اور پھر دوبارہ کافر ہوجائے ۔
مرجوح (مرجوح شرعی ) : جس چیز میں شرعی کراہت پائی جائے ۔
مردار : وہ جانور جو خودبخود مرگیا ہو ۔
مزارعہ : زمین کے مالک اور کاشتکار کے درمیان ہونے والا معاہدہ جس کی بنیاد پر مالک فصل کاایک معین حصہ پاتا ہے
مس : لمس کرنا ۔
مس میت : مردہ انسان کے جسم کو چھونا ۔
مساقات : سینچائی کرنا ۔ باغ کے مالک اور باغبان کے درمیان ہونے والا معاہدہ جس کی بنیاد پر باغبان درختوں کی سینچائی اور پرورش کے بدلے باغ کے پھلوں سے ایک معینہ مقدار حاصل کرتا ہے ۔
مستحاضہ : جس عورت کو خون استحاضہ آرہا ہو ۔
مستحب : پسندیدہ ۔ جوچیز شارع کو پسند ہو لیکن اسے لازم و واجب قرار نہ دے ۔
مستطیع : جس میں حج کے شرائط پائے جاتے ہوں ۔
مستہلک : ختم شدہ، نیست و نابود شدہ چیز۔
مسح : کسی چیز پر ہاتھ پھیرنا ۔ وضو کی بچی ہوئی تری کے ساتھ سر کے اگلے حصہ اور دونوں پیروں کے اوپری حصہ پر ہاتھ پھیرنا ۔
مسکین : بیچارہ، مفلوک الحال ۔ جس کی زندگی فقیر سے بھی زیادہ سخت ہو ۔
مسکرات : جس چیز میں نشہ ہو ۔
مصالحت : فریقین کا کسی بات پر متفق ہونا ۔
مضطربہ : وہ عورت جس کی ماہواری کا وقت معین نہ ہو ۔
مضمضہ : کلی کرنا ۔
مطہرات : پاک کرنے والی چیزیں ۔
مظالم : وہ چیز جو انسان کے ذمہ ہے لیکن وہ اس کا مالک معلوم نہیں ہے یا اس تک دسترسی ممکن نہیں ہے جیسے کوئی شخص کسی کا مقروض ہو لیکن اس کے مالک نہیں پہچانتا اور اس تک پہنچنا ممکن نہ ہو ۔
معاملہ سلف : وہ خرید و فروخت جس میں قیمت نقد اور اور مال ادھار ہو ۔ یعنی خریدار قیمت نقددیدے تاکہ بیچنے والا مال کو معین وقت پر اس کے حوالہ کردے ۔
مفطر : وہ چیز جس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ۔
مفلس : جس کا مال اس کے قرض سے کم ہو ۔
مقررات شرعیہ : وہ چیز جو خداوند عالم کی طرف سے شرعی تکلیف کے عنوان سے معین ہوئی ہو ۔
مکروہ : ناپسند ۔ جس کا انجام دینا حرام نہ ہو لیکن انجام نہ دینا بہتر ہو ۔
مکلف : بالغ اور عاقل انسان ۔
ملاعبہ : کھیلنا ۔ معاشقہ کرنا ۔
ممیز : وہ بچہ جو اچھے اور برے کو سمجھتا ہو ۔
موالات : یکے بعد دیگرے ۔ پے درپے انجام دینا ۔
موجر : کرایہ دینے والا ۔
موقوف علیہم : وہ افراد جن کے فائدہ کے لئے کوئی چیز وقف ہوئی ہو ۔
موقوفہ : وقف شدہ ۔
موکل : وکیل بنانے والا ۔
میت : مردہ ، انسان کا بے جان جسم ۔
فہرست (ن)
ناسیہ : وہ عورت جو اپنی ماہواری کے وقت کو بھول گئی ہو ۔
نافلہ، نوافل : مستحبی نمازیں ۔
نذر : مخصوص صیغہ کے ذریعہ کسی پسندیدہ کام کو انجام دینے یا کسی خراب یابرے کام کے ترک کرنے کو اپنے اوپر واجب کرلینا ۔
نری : حیوان مذکر کا آلہ تناسل۔
نبش قبر : قبر کھولنا ۔
نصاب : معینہ مقدار یا معینہ حد ۔
نصاب زکات : زکات کے واجب موارد میں سے ہر ایک کیلئے مخصوص حد کو معین کرنا ۔
نظر بہ ریبہ : ایسی نظر کرنا جس سے فتنہ و فساد کا سبب ہو ۔
نجس : ناپاک ، نجاست ۔
نفاس : بچہ کی ولادت کے بعد عورت کے رحم سے خارج ہونے والا خون ۔
نفساء : جس عورت کو خون نفاس آرہا ہو ۔
نفس محترم کا قتل کرنا : ایسے انسان کا قتل کرنا جس کی جان شریعت کی نظر میں محترم ہو اور اسے قتل نہ کرنا چاہئے ۔
نکاح : شادی کرنا ۔
نماز آیات : دو رکعت نماز جس کا مخصوص مواقع مثلا زلزلہ ، سورج گہن، اور چاند گہن کے وقت پڑھنا واجب ہے ۔
نماز احتیاط : نماز کی رکعتوں میں شک کے نتیجہ میں پڑھی جانے والی نماز جس میں صرف سورہ حمد پڑھا جاتا ہے دوسرا سورہ نہیں پڑھا جاتا ۔
نماز استسقاء : بارش ہونے کے لئے پڑھی جانے والی مخصوص نماز ۔
نماز جماعت : وہ واجب نماز جسے ایک یا اس سے زیادہ افراد کسی کی اقتداء میں پڑھیں ۔
نماز جمعہ : دو رکعت نماز جو جمعہ کے دن زوال کے وقت نماز ظہر کے بدلے جماعت کے ساتھ پڑھی جاتی ہے اور اس کے لئے پانچ افراد کا ہونا ضروری ہے ۔ اور اس میں دو خطبہ ہوتے ہیں ۔
نماز خوف : وہ پنجگانہ نماز جو جنگ وغیرہ کی حالت میں مخصوص طریقہ سے اختصار کے ساتھ پڑھی جاتی ہے ۔
نماز شب : آٹھ رکعت نماز مستحب جو دودو رکعت کرکے رات کے آخری تہائی حصہ میں پڑھی جاتی ہے ۔
نماز شفع : دو رکعت نماز جو نماز شب کی آٹھ رکعتوں کے بعد اورنماز وتر سے پہلے پڑھی جاتی ہے ۔
نماز طواف : حج و عمرہ میں طواف کے بعد پڑھی جانے والی دو رکعت نماز۔
نماز عید : عید الفطر اور عید الاضحی کے دن پڑھی جانے والی دو رکعت نماز۔
نماز غفیلہ : مخصوص دو رکعتی نماز جو نماز مغرب و عشاء کے درمیان پڑھی جاتی ہے ۔
نماز قصر : ہر وہ چار رکعتی نماز جو سفر میں دو رکعت کرکے پڑھی جائے ۔
نماز قضا : وہ اداء نمازجو وقت کے چھوٹ جانے کی وجہ سے بعد میں پڑھی جائے ۔
نماز مستحب : ہر وہ نماز جس کا بجالانا مطلوب پروردگار ہو لیکن واجب نہ ہو ۔
نماز میت : مسلمان کے جنازہ پر پڑھی جانے والی مخصوص نماز۔
نماز واجب : ہر وہ نماز جس کا بجالانا ہر مکلف پر لازم ہے ۔
نماز وحشت : دفن کی پہلی رات میں مخصوص طریقہ سے پڑھی جانے والی دو رکعت نماز۔
نماز یومیہ : نماز پنجگانہ ۔ شب و روز میںپانچ وقت پڑھی جانے والی نماز جو مجموعا ١٧ رکعت ہوتی ہے ۔
نہی عن المنکر : دوسروں کو ہر اس عمل سے روکنا جو شارع کو ناپسند ہو ۔
نیت : ارادہ ، کسی مذہبی عمل کو خداوند عالم کی قربت کے حصول کے لئے انجام دینے کا ارادہ ۔
فہرست (و)
واجب : ہر وہ عمل جس کا انجام دینا شریعت کی نظر میں ضرور ہے ۔
واجب تخییری : جب وجوب دوچیزوں میں سے کسی ایک چیز سے متعلق ہو تو ان میں سے ہر ایک کو واجب تخییر ی کہتے ہیں جیسے روزے کے کفارہ میں تین چیزوں کے درمیان اختیار ہوتا ہے : ١۔ ساٹھ روزے رکھنا ۔ ٢۔ ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلانا ۔ ٣۔ غلام آزاد کرنا ۔
واجب تعبدی : وہ واجب جس کے انجام دینے میں قربت کی نیت کا ہونا ضروری ہے (عبادات ) ۔
واجب عینی : وہ واجب جو ہر شخص پر خود واجب ہوتا ہے نماز روزہ ۔
واجب کفائی : ایسا واجب جسے اگر دوسرے ضرورت بھرانجام دیدیں تو بقیہ سے ساقط ہوجائے جیسے غسل میت سب پر واجب ہے لیکن اگر کچھ لوگ اسے انجام دیدیں تو بقیہ سے ساقط ہوجائے گا ۔
واجب موسع : ایسا واجب جس کے انجام دینے کا وقت وسیع ہو جیسے نماز ظہر و عصر ، ان دونوں نمازوں کا وقت ظہر سے مغرب تک رہتا ہے ۔
واجب مضیق : ایسا واجب جس کے انجام دینے کا وقت محدودہو جیسے ماہ رمضان میں روزہ رکھنا ۔
وارث : جن لوگوں کو میراث ملتی ہے ۔
واقف : وقف کرنے والا ۔
وثیقہ : گروی رکھنا ۔ کسی کے حوالہ کرنا ۔
وحدت وجود : وحدت موجود کے متعدد معنی ہیں ان میں سے جو قطعی طور سے باطل اور تمام فقہاء کے عقیدے کے مطابق اسلام سے خارج کردیتا ہے وہ شخص ہے جس کا عقیدہ یہ ہو : خداوند عالم بالکل اس دنیا کے موجودات کی طرح ہے اور خالق و مخلوق اور عابد و معبود میں کا کوئی وجود نہیں ہے ،اسی طرح بہشت و دوزخ بھی اس کے وجود کی طرح ہیں اوراس کا لازمہ بہت سے مسلمات دین کا انکار کرنا ہے ۔
ودی : وہ رطوبت جو پیشاب کرنے کے بعد کبھی کبھی خارج ہوتی ہے ۔
ودیعہ : امانت
وذی : وہ رطوبت جو کبھی کبھی منی کے خارج ہونے کے بعد نکلتی ہے ۔
وصل بہ سکون : کسی لفظ کے آخری حرف کو ساکن کرکے بعد والے لفظ سے ملا کر پڑھنا ۔
وصی : جس کے ذمہ وصیت کے انجام دینے کی ذمہ داری ہو ۔
وصیت : سفارش ، وہ سفارشیں جو انسان اپنی موت کے بعد کچھ امور انجام دینے کے لئے دوسروں سے کہے ۔
وضو ارتماسی : وضو کی نیت سے چہرے اور ہاتھوں کو پانی میں ڈبونا ۔
وضو ترتیبی : وضو کی نیت سے چہرے اور ہاتھوں کو پانی سے ترتیب کے ساتھ پہلے چہرہ اور پھر ہاتھوں کو دھونا ۔
وضو جبیرہ : کسی شخص کے اعضاء وضو پر مرہم یا پٹی بندھی ہو ا ۔
وطن : جس جگہ کو رہنے کے لئے انتخاب کیاجائے ۔
وطی : کچلنا ، ہم بستری کی طرف کنایہ ہے ۔
وقف بہ حرکت : کسی لفظ کے آخری حرف کو حرکت کے ساتھ ادا کرکے بعد والے کلمہ کو تاخیر سے پڑھنا ۔
وکیل : نمایندہ ، وہ شخص جو کسی دوسرے کی طرف سے کسی کام کو انجام دینے کااختیار رکھتا ہو ۔
ولایت : سر پرستی ۔
ولایت تکوینی : ولایت تکوینی سے مراد یہ ہے کہ خداوند عالم کی اجازت سے عام عادت کے خلاف کام انجام دینا جیسا کہ قرآن کریم نے سورہ آل عمران کی ٤٩ ویں آیت میں حضرت عسی (علیہ السلام)کے لئے بیان کیا ہے کہ آپ خداوند عالم کے اذن سے مردوں کو زندہ کیا کرتے تھے اور بیماروں کو اچھا کردیا کرتے تھے ۔
ولی (یا قیم ) : شارع مقدس کے حکم سے جو شخص کسی دوسرے کا سر پرست ہو جیسے باپ، دادا، اور مجتہد جامع الشرائط ۔
فہرست (ھ)
ہبہ : بخشش، عطیہ ۔
ہدیہ : تحفہ ۔
فہرست (ی)
یائسہ : وہ عورت جسے سن زیادہ ہوجانے کی وجہ سے حیض نہ آتا ہو ۔
 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.