ہمارا بھی ایک صاحب ہے جو ہماری نگہبانی کرتا ہے
"ایران کے شہر اصفہان کے مضافات میں ایک سادہ سا گاؤں تھا۔ اس گاؤں میں ایک دیہاتی کا بیٹا رہتا تھا جو علم حاصل کرنے اور دینی مدارس میں داخل ہونے کا بے حد شوقین تھا،
’ہمارا بھی ایک صاحب ہے جو ہماری نگہبانی کرتا ہے۔‘‘‘
"ایران کے شہر اصفہان کے مضافات میں ایک سادہ سا گاؤں تھا۔ اس گاؤں میں ایک دیہاتی کا بیٹا رہتا تھا جو علم حاصل کرنے اور دینی مدارس میں داخل ہونے کا بے حد شوقین تھا، لیکن اس کا والد اسے روکتا تھا اور کہتا تھا:
’’اس راستے میں فقر، بھوک اور محرومی کے سوا کچھ نہیں۔‘‘
لیکن آخرکار بیٹے کے اصرار اور شدید ضد کے سامنے باپ کو رضامند ہونا پڑا۔ جیسے ہی باپ نے اجازت دی، لڑکے نے ان کا ہاتھ چوما اور چند لمحوں تک وہیں کھڑا رہا۔ خوشی سے اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔
اس وقت اس کی عمر صرف چودہ سال تھی۔ وہ ایک لحاف، بستر اور چند معمولی ضروری چیزیں لے کر اصفہان کے ایک مدرسے میں منتقل ہوگیا۔ وہ مدرسہ بہت قدیم تھا، اور اس کے طلبہ وہاں ہمیشہ نہیں رہتے تھے، کیونکہ وہاں وحشت، سردی اور دوسری مشکلات تھیں۔
چند دن بعد اس کا والد کچھ روٹیاں اور سامان لے کر اس کی خیریت معلوم کرنے آیا۔ موسم سخت سردی کا تھا، برف باری ہو رہی تھی اور گلیاں اور گھر برف سے ڈھکے ہوئے تھے۔
اس نے اپنے بیٹے کو دیکھا کہ وہ بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہے۔ والد نے دوبارہ اسے ملامت کرتے ہوئے کہا:
’’کیا میں نے تم سے نہیں کہا تھا کہ اس راستے میں فقر اور بھوک کے سوا کچھ نہیں؟‘‘
لڑکا قبلہ رُخ کھڑا ہوگیا۔ باپ کی بات سے اس کا دل دکھا ہوا تھا اور آنکھوں میں آنسو تھے۔ اس نے امامِ حجت (عجّل الله تعالی فرجہ الشریف) سے مخاطب ہو کر کہا:
’’یامولای! میری خبرگیری فرمائیے، تاکہ لوگ یہ نہ کہیں کہ آپ کا کوئی سید و صاحب نہیں ہے۔‘‘
والد اپنے بیٹے کے ساتھ چند گھنٹے بیٹھے رہے ، پھر غروبِ آفتاب سے پہلے واپس جانے کے لیے اٹھے، لیکن انہوں نے دیکھا کہ مدرسے کا دروازہ بند ہے اور چابی خادم کے پاس ہے، جبکہ اس وقت کسی کو معلوم نہیں تھا کہ خادم کہاں ہے۔ مجبوراً والد کو بھی اگلے دن تک اپنے بیٹے کے ساتھ مدرسے میں رہنا پڑا۔
لیکن دونوں کے لیے یہ صورتِ حال بہت مشکل تھی۔ کمرے میں روشنی کے لیے چراغ تک موجود نہیں تھا، اور ایک ہی لحاف تھا جو دونوں کے لیے کافی نہیں تھا۔ اس پر والد نے ایک مرتبہ پھر بیٹے سے کہا:
’’بیٹا! یہ زندگی کتنی مشکل ہے۔ کل میرے ساتھ گھر واپس چلو۔ ایسے سخت حالات میں تمہیں یہ علم حاصل کرنے کی کیا ضرورت ہے؟‘‘
والد کی یہ بات سن کر لڑکے کا دل بہت دکھا اور وہ اندر ہی اندر شدید تکلیف محسوس کرنے لگا۔
اچانک مدرسے کے دروازے پر کسی نے دستک دی۔
لڑکا فوراً دروازے کی طرف گیا اور پکارا:
’’کون ہے؟‘‘
باہر سے آواز آئی:
’’دروازہ کھولو۔‘‘
لڑکے نے کہا:
’’معاف کیجیے، میرے پاس چابی نہیں ہے اور خادم بھی موجود نہیں۔‘‘
اس شخص نے کہا:
’’دروازے کو دھکا دو، یہ کھل جائے گا۔‘‘
لڑکے نے دروازے کو دھکا دیا تو دروازہ کھل گیا۔ سامنے ایک نورانی شخصیت کھڑی تھی، جو پرہیبت اور پر وقار شخصیت کے مالک تھے۔ چہرے پر صالحین کی نشانیاں تھیں، نور ان کے وجود اطہر سے پھوٹ رہا تھا اور کمال ان کے وجود سے نمایاں ہو رہا تھا۔
انہوں نے لڑکے سے فرمایا:
’’اپنے والد سے کہنا کہ زیادہ ملامت نہ کریں۔ میں نے تمھارا انتظام کر دیا ہے، اور کل تمہارے لیے کوئلہ پہنچا دیا جائے گا۔ اور تمہارے کمرے میں فلاں جگہ ایک شمع رکھی ہوئی ہے۔ اسے لے کر روشن کرو اور اپنے والد سے کہنا،
’ہمارا بھی ایک صاحب ہے جو ہماری نگہبانی کرتا ہے۔‘‘‘
لڑکا بیان کرتا ہے:
’’میں حیران ہو کر کمرے میں واپس آیا۔ میرے والد نے پوچھا: ’دروازے پر کون تھا؟‘
میں نے کہا: ’پہلے میں دیکھ لوں کہ جس شمع کا انہوں نے ذکر کیا تھا، وہ واقعی اس جگہ موجود ہے یا نہیں۔‘
میں اسی جگہ گیا اور وہاں واقعی ایک شمع موجود تھی۔ پھر ہمارے لیے وہ کوئلہ بھی لایا گیا جس کی قیمت ان صاحب نے ادا کر دی تھی۔
میں نے اپنے والد کو پوری داستان سنائی۔ وہ حیرت میں ڈوب گئے، مجھے گلے لگایا، بوسہ دیا اور فرمایا:
’’بیٹا! اپنی تعلیم جاری رکھو، جب تک تمہارا ایک صاحب ہے جو تمہاری نگہبانی کرتا ہے۔‘‘
راوی آگے کہتا ہے:
’’یہی صاحب ہر اس شخص کی نگہبانی فرماتے ہیں جو اپنے امامِ زمانہ کی اطاعت اور رضائے الٰہی کے حصول میں مخلص اور محنتی ہو۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ لڑکا کون تھا؟
اور کیا آپ جانتے ہیں کہ بعد میں وہ کیا بنا؟
وہ اپنے زمانے کے سب سے بڑے دینی مرجع، سید ابوالحسن اصفہانی تھے۔ اللہ تعالیٰ ان کے مقام کو بلند فرمائے۔
یہ واقعہ آیت اللہ آخوند ملا علی ہمدانی نے نقل کیا ہے۔
پس جان لو کہ امام صاحب الزمان(عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف ) علم اور ان مخلص و ثابت قدم طلبۂ علم سے محبت فرماتے ہیں جو اس راستے میں کوشش کرتے ہیں۔
اے اللہ! ہمیں بھی ان میں شامل فرما اور ان سے محبت کرنے والوں میں قرار دے۔
یہ ہمارے علماء ایسے تھے!
’’قصص لقاء صاحب الزمان (عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف)‘‘
اللھم صلی علی محمد وآل محمد و عجل فرجھم