حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر تعزیتی پیغام

ڈاکٹر آیت پیمان

10

حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے سانحۂ ارتحال پر تعزیتی پیغام

ڈاکٹر آیت پیمان

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

اَلْعُلَمَاءُ بَاقُونَ مَا بَقِيَ الدَّهْرُ

حضرت آیت اللہ العظمیٰ حاج شیخ حسین وحید خراسانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ، فقیہِ ژرف نگاہ، نامور اصولی اور عالمِ تشیع کے جلیل القدر مرجعِ تقلید کے سانحۂ ارتحال کی خبر نے گہرے رنج و غم میں مبتلا کردیا۔

ہم اس جانکاہ سانحے پر بارگاہِ مقدسہ حضرت بقیۃ اللہ الاعظم ارواحنا فداہ، رہبرِ معظم، مراجعِ عظامِ تقلید، حوزاتِ علمیہ، آپ کے فرزندانِ ارجمند و فضلائے گرامی، شاگردوں، عقیدت مندوں اور پسماندگان، بالخصوص آپ کے بیتِ مکرم کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

یہ ربانی عالم، حوزاتِ علمیہ کے عظیم ستونوں اور فقہ و اصول کے ممتاز ترین علمی و تحقیقی شخصیات میں سے تھے، جنہوں نے اپنی بابرکت زندگی معارفِ نابِ اسلام اور مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج و اشاعت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

حوزہ علمیہ قم میں کئی دہائیوں تک فقہ و اصول کے درسِ خارج کا سلسلہ جاری رکھنا آپ کی علمی زندگی کا ایک نمایاں باب تھا۔ آپ کے دروس حوزہ علمیہ کے پُررونق اور عمیق ترین علمی حلقوں میں شمار ہوتے تھے۔ ان مجالس میں فقہی مبانی کی دقیق جانچ، دلائل و براہین کا عالمانہ تجزیہ اور روایات و احادیث کے مستند مآخذ سے استناد، ایک ایسے علمی و اجتہادی مکتب کی تشکیل کا سبب بنا جس کے منہجِ استنباط کو اہلِ تحقیق نے ہمیشہ قدر و تحسین کی نگاہ سے دیکھا۔

آپ کے گراں قدر علمی آثار، جن میں عروۃ الوثقیٰ پر حاشیہ، مکاسبِ محرّمہ پر حاشیہ، کفایہ پر حاشیہ اور شرائع الاسلام کی شرح شامل ہیں، آئندہ نسلوں کے اہلِ علم و فضل کے لیے ایک ماندگار علمی سرمایہ ہیں۔

مجتہد پروری اور نسلِ نو کی علمی و فکری تربیت

اس فقیہِ سعید کی عظیم ترین خدمات میں سے ایک نمایاں خدمت ایسے باصلاحیت اور صاحبِ نظر شاگردوں کی تربیت تھی جو آج خود فقاہت اور دینی فکر کے اہم ستون شمار ہوتے ہیں۔

آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای، رہبرِ معظم؛ آیت اللہ علوی بروجردی؛ آیت اللہ محمد باقر فاضلی بہسودی؛ آیت اللہ محسن اراکی؛ آیت اللہ مہدی شب زندہ دار؛ آیت اللہ سید محمد رضا مدرسی یزدی؛ آیت اللہ سید علی میلانی؛ آیت اللہ یثربی؛ آیت اللہ صادق لاریجانی اور دیگر ممتاز شخصیات، جن میں حجۃ الاسلام والمسلمین محسن فقیہی، سید حسن خمینی، مرتضیٰ جوادی آملی، ابوالقاسم علی دوست، علی اکبر رشاد، سید احمد خاتمی، سید احمد علم الہدیٰ، سید محمد علی موسوی جزائری، علی رحمانی سبزواری، غلام رضا فیاضی اور عبدالحسین خسرو پناہ شامل ہیں، نیز علم و تحقیق، تدریس اور حوزاتِ علمیہ کے انتظامی و علمی شعبوں سے وابستہ متعدد دیگر نامور شخصیات نے آپ کے علمی فیض سے استفادہ کیا اور آپ کے اجتہادی مکتبِ فکر کو علمی، فکری اور اجتماعی و انتظامی میدانوں میں آگے بڑھایا۔

آپ کی شاگرد پروری محض علم کی منتقلی تک محدود نہ تھی، بلکہ آپ نے ایسی نسلیں تیار کیں جنہوں نے مرجعیت کے علمی، عملی اور اخلاقی و کردار ساز پہلوؤں کو یکجا طور پر سیکھا اور اپنایا۔

شعائرِ فاطمیہ کا احیا اور مناسباتِ اہلِ بیت علیہم السلام کی پاسداری

شعائرِ دینی کی تعظیم و تکریم، بالخصوص ایامِ فاطمیہ کے احیا اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے مجالسِ عزا کے اہتمام کے حوالے سے آپ کی خصوصی توجہ اور غیر معمولی اهتمام، آپ کی حیاتِ مبارکہ کی ایک اور ناقابلِ فراموش خدمت ہے۔

آپ کا ہمیشہ اس بات پر زور رہا کہ:

«فاطمیہ ہرگز تعطیل نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اسے بہترین انداز میں منایا اور برپا کیا جانا چاہیے۔»

آپ کا یہ مؤکد موقف حوزہ علمیہ میں ایک اہم اور مؤثر فکری و عملی رجحان کی صورت اختیار کرگیا اور اس کے نتیجے میں قم اور پورے ملک میں ان ایام کے انعقاد اور عزاداری کے طریقۂ کار میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہوئیں۔

آپ حضرت صدیقۂ طاہرہ سلام اللہ علیہا کے ذکرِ مبارک اور یادِ گرامی کو مکتبِ تشیع کی بقا و استواری کا سرچشمہ قرار دیتے تھے اور ان ایام میں شہروں کو سیاہ پوش کرنے اور ایامِ فاطمیہ کی یاد کو زندہ و تابندہ رکھنے پر خصوصی تاکید فرماتے تھے۔

یہ احیاگری محض کسی خاص مناسبت کی یاد منانے تک محدود نہ تھی، بلکہ اس کے ذریعے امت کے عواطف و احساسات اور معرفت و آگہی کو خاندانِ عصمت و طہارت علیہم السلام سے مربوط و مستحکم رکھنے کا ایک عظیم دینی و فکری عمل انجام پایا۔

ممتاز اوصاف اور لازوال علمی و اخلاقی میراث

یہ مرجعِ عالی قدر اپنے بلند علمی مقام کے ساتھ ساتھ تقویٰ، پرہیزگاری، زہد، سادگی اور عوام سے گہرے تعلق جیسے اعلیٰ اخلاقی اوصاف سے بھی متصف تھے۔

سماجی اور سیاسی مسائل میں آپ کی فعال موجودگی، تحریکِ ملی کے دور میں آپ کی حمایت سے لے کر اہم ثقافتی اور معاشرتی امور میں آپ کے مؤثر موقف تک، اس حقیقت کی عکاس تھی کہ آپ دین کو اجتماعی زندگی اور معاشرے کے عملی مسائل سے الگ نہیں سمجھتے تھے۔

آپ کے خطابات بھی ایک ممتاز اور منفرد خصوصیت کے حامل تھے۔ آپ کو ملک کے بہترین خطیبوں میں شمار کیا جاتا تھا۔ آپ کی گفتگو میں فقہی و علمی گہرائی کے ساتھ تبلیغی دلکشی اور اثر آفرینی بھی بدرجۂ اتم موجود تھی۔

اس عظیم المرتبت عالمِ دین کا وصال حوزاتِ علمیہ، فقاہت و مرجعیت کے علمی و دینی مقام اور مکتبِ اہلِ بیت علیہم السلام سے وابستہ تمام عقیدت مندوں کے لیے ایک عظیم سانحہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ تاہم اس میں کوئی شبہ نہیں کہ آپ کی علمی میراث، ممتاز شاگردوں کی تربیت اور نورانی سیرت و کردار آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ اور سرچشمۂ ہدایت رہے گی۔

ہم بارگاہِ خداوندی میں دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اس فقیدِ سعید کے درجات بلند فرمائے، انہیں اولیائے الٰہی اور ائمہ اطہار علیہم السلام کے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور تمام پسماندگان، بالخصوص آپ کے بیتِ مکرم، شاگردوں اور عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم عنایت فرمائے۔

وَالسَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللَّهِ وَبَرَكَاتُهُ

ڈاکٹر آیت پیمان

سیکرٹری جنرل
عالمی مجلسِ شیعہ شناسی

سیکرٹری
قومی کونسل برائے مطالعاتِ دینی

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.