اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی مناسبت سے پیر 9 فروری 2026 کی صبح کو رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ٹیلی ویژن پر قوم کے نام پیغام جاری کیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے 22 بہمن (11 فروری) کو ایرانی قوم کی طاقت و عظمت کی رونمائی کا دن قرار دیا اور اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ریلیوں میں عوام کی شرکت اور اسلامی جمہوریہ سے وفاداری کا اعلان، ایران اور قومی مفادات پر حریصانہ نظر سے دشمن کی پسپائی کا سبب بنے گا، کہا کہ آپ 22 بہمن کو اپنے عزم و استقامت کا مظاہرہ کر کے دشمن کو ناامید کر دیجیے۔
ٹی وی پر نشر ہونے والے رہبر انقلاب کے اس پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
22 بہمن کا دن ہر سال ایرانی قوم کی طاقت و عظمت کے مظاہرے کا دن ہوتا ہے، بحمد اللہ باعزم و با ثبات، قدرداں اور اپنے اچھے برے سے آگاہ قوم۔ جس دن پہلی 22 بہمن سامنے آئی، ایرانی قوم نے ایک عظیم فتح رقم کی۔ وہ اپنے آپ کو بھی اور اپنے ملک کو بھی اغیار کی مداخلت سے نجات دینے میں کامیاب رہی۔ وہ اغیار، پچھلے تمام برسوں میں، ہمیشہ پچھلی صورتحال کو لوٹانے کے خواہاں رہے ہیں۔
ایرانی قوم ڈٹی ہوئی ہے۔ اس استقامت کا مظہر 22 بہمن ہے۔ یہ ریلی دنیا میں بے مثال ہے۔ دنیا میں کبھی اور کہیں بھی ہم نے نہیں دیکھا کہ یوم آزادی اور قومی دن کے دسیوں برس بعد بھی ہر سال اس طرح پورے ملک میں اتنی کثیر تعداد میں لوگ باہر آئيں اور اپنے آپ کو دکھا سکیں۔ آج ایرانی قوم سڑکوں پر ریلیاں نکال کر اپنے وجود کا اظہار کرتی ہے، اپنے آپ کو دکھاتی ہے اور ان لوگوں کو جو اسلامی ایران، اسلامی جمہوریہ اور اس قوم کے مفادات پر لالچ کی نظریں رکھے ہوئے ہیں، پسپائی پر مجبور کر دیتی ہے۔
قومی طاقت کا تعلق میزائيل اور طیاروں سے زیادہ قوموں کے عزم اور ان کی استقامت سے ہوتا ہے۔ آپ نے بحمد اللہ استقامت دکھائی ہے اور اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔ مختلف واقعات میں پھر ان چیزوں کا اظہار کیجیے۔ دشمن کو مایوس کیجیے۔ جب تک دشمن مایوس نہیں ہوگا، تب تک قوم آلام و تکالیف کا سامنا کرتی رہے گی۔ دشمن کو مایوس کر دینا چاہیے۔
دشمن کا مایوس ہونا، آپ کے اتحاد سے ممکن ہے، آپ کی فکری طاقت اور عزم سے ممکن ہے، آپ کے جذبے سے ممکن ہے، دشمن کے وسوسوں کے مقابلے میں استقامت سے ممکن ہے۔ یہ چیزیں قوم کی طاقت کو تشکیل دیتی ہیں۔ ان شاء اللہ ہمارے نوجوان مختلف میدانوں میں، علم کے میدان میں، عمل کے میدان میں، تقویٰ اور اخلاق کے میدان میں، مادی اور معنوی پیشرفت کے میدانوں میں جتنا ممکن ہو آگے بڑھیں، کام کریں، ملک کے قابل افتخار کارنامے رقم کریں اور 22 بہمن کا دن ان سبھی کا مظہر ہے۔ سڑکوں پر سبھی لوگ آتے ہیں، نعرے لگاتے ہیں، حقائق بیان کرتے ہیں اور اپنی یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔ ایرانی قوم، اسلامی جمہوریہ سے اپنی وفاداری کا علان کرتی ہے۔
ہمیں امید ہے کہ ان شاء اللہ اس بار بھی 22 بہمن کی تاریخ، گزشتہ برسوں کی ہر 22 بہمن کی طرح، ایرانی قوم کے شکوہ کو دوبالا کرے گی، اس میں اضافہ کرے گی اور دوسری اقوام، حکومتوں، طاقتوں اور دوسروں کو ایرانی قوم کے سامنے سر تعظیم خم کرنے پر مجبور کرے گی اور ان شاء اللہ ایسا ہی ہوگا۔
والسلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ
9 فروری 2026
با تشکر از (www.khamenei.ir)